ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ الیکشن سے متعلق غیر ملکی نصیحتوں کی ضرورت نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے پہلے ہی الیکشن کے حوالے سے بیان جاری ہو چکا ہے، انتخابات کے حوالے سے جو مبصرین کی جانب سے بیانات سامنے آئے ہیں، ان میں بہت سے بیانات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں عوام کو اظہار رائے کی آزادی ہے، یہ پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنی رائے کا آزادنہ استعمال کر سکیں، پاکستان میں انتخابی عمل اندرونی خود مختاری کا معاملہ ہے۔
یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے امریکا اور یورپی یونین دونوں نے سیاسی کارکنوں کی حراست سمیت مبینہ انتخابی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ ہم کچھ بیانات کے منفی لہجے سے حیران ہیں، یہ بیانات نہ تو انتخابی عمل کی پیچیدگی کو مدنظر رکھتے ہیں اور نہ ہی لاکھوں پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے آزادانہ اور پرجوش استعمال کو تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کا ادارہ تمام انتخابی عمل کو مانیٹر کر رہا تھا، دولت مشترکہ وفد کی جانب سے پاکستان میں انتخابی عمل کی شفافیت کی بات کی گئی، انتخابات کے حوالے سے جو میڈیا رپورٹس سامنے آئیں ہیں ان پر ہم بات نہیں کریں گے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں دعوت دینے کے معاملے پر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی قبل از وقت ہے، اس حوالے سے فیصلہ نئی آنے والی حکومت کرے گی، ہمیں جیسی ہدایات ہوں گی، ہم اس پر عمل کریں گے۔