پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں 11 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں 11 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16 فروری سے اگلے پندرہ روز کے لیے 4 تا 11روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جس کی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور امپورٹ پریمیم کا بڑھنا ہے، اس کے سبب شرح تبادلہ میں معمولی بہتری کے اثر ات زائل ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ 31 جنوری کو حکومت نے عام انتخابات سے قبل پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے 55 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے 89 پیسے اور ڈیزل کی 278 روپے 96 پیسے ہو گئی۔

باخبر ذرائع نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی منڈیوں میں قیمتیں گزشتہ 15 دن کے دوران بڑھی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو امپورٹ پریمیم کی مد میں بھی زائد ادائیگی کرنی پڑی، حالانکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔

نتیجتاً ڈیزل 9 تا 11 روپے فی لیٹر اور پیٹرول 4 روپے مہنگا ہو سکتا ہے، تاہم اس کا انحصار شرح تبادلہ کے حساب پر ہوگا، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافے کا امکان ہے۔

حکام نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت 88.7 ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 1.2 ڈالر بڑھ کر 89.9 ڈالر فی بیرل ہوگئی، اسی طرح ڈیزل 3.5 ڈالر مہنگا ہو کر 98.4 ڈالر سے 101.82 ڈالر فی بیرل ہوگیا، اس کے برعکس امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی قدر تقریباً 40 پیسے بڑھی، اور پاکستانی کرنسی فروری کے نصف تک 280 کے برعکس 279.7 روپے پر آگئی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.