آسٹریلیا کے اسٹار بیٹر اسٹیو اسمتھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا۔
ڈارون میں بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اسمتھ نے تین کیچز پکڑ کر اپنے ٹیسٹ کیریئر کے کیچز کی تعداد 218 تک پہنچا دی، جس کے ساتھ وہ انگلینڈ کے جو روٹ کے برابر آگئے ہیں۔
اسٹیو اسمتھ نے یہ سنگ میل اپنے 124ویں ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا، جبکہ جو روٹ نے 166 ٹیسٹ میچز میں 218 کیچز پکڑے ہیں۔
بھارت کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ 210 کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردنے نے 149 ٹیسٹ میچز میں 205 کیچز لیے۔ جنوبی افریقا کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس 166 ٹیسٹ میچز میں 200 کیچز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
اسمتھ اور جو روٹ کے درمیان اب ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز کا ریکارڈ اپنے نام رکھنے کی دوڑ جاری رہے گی۔
آسٹریلیا اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ ڈارون میں جاری ہے، جبکہ انگلینڈ 19 اگست سے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز کرے گا۔

