زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مزرابانی نے انڈین پریمیئر لیگ میں معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں آئی پی ایل کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے ٹیم میں شامل ہونے کی پیشکش موصول ہوئی تھی۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مزرابانی نے جمعے کے روز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد اپنے فیصلے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بلیسنگ مزرابانی کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کی جگہ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ مستفیض الرحمان کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت کے بعد فرنچائز نے اپنے اسکواڈ سے ریلیز کر دیا تھا۔
بعد ازاں لاہور قلندرز نے مستفیض الرحمان کو پاکستان سپر لیگ کے لیے سائن کر لیا جس کے بعد ٹیموں کے درمیان کھلاڑیوں کے تبادلے اور نئے معاہدوں کی خبریں سامنے آئیں۔
واضح رہے کہ 11 فروری کو ہونے والی پاکستان سپر لیگ کی پلیئر ڈرافٹ تقریب میں بلیسنگ مزرابانی کو کسی ٹیم نے منتخب نہیں کیا تھا، تاہم بعد میں ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر شیمار جوزف کی دستیابی نہ ہونے کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے انہیں براہ راست سائن کر لیا تھا۔