سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ کوئٹہ کے تمام تعلیمی ادارے، بشمول اسکولز اور کالجز، 16 نومبر تک بند رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد تعلیمی اداروں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بلوچستان میں 10 سے 16 نومبر تک انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا سروسز معطل کر دی گئی ہیں، تاہم کوئٹہ شہر کو اس پابندی سے جزوی استثنیٰ حاصل ہے۔
ہوم ڈیپارٹمنٹ نے انٹرنیٹ معطلی کا حکم جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔ جبکہ کچھ شہریوں نے کوئٹہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز میں مشکلات کا سامنا ہونے کی شکایات کی ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کریں، اور اپنی حفاظت کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ تازہ ترین معلومات اور حالات سے باخبر رہیں۔