مغربی کولمبیا میں زلزلے کے دوسرے روز بھی ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں، امدادی کارکن متاثرہ عمارتوں اور دیگر مقامات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق زلزلے کے بعد اب تک تقریباً 100 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، مسلسل جھٹکوں کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے اور متاثرہ عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، امدادی ٹیمیں جدید آلات اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر زندہ افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
حکام کے مطابق ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ زلزلے سے ہونے والے مجموعی مالی نقصان کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

