پاکستان میں اسٹار لنک سروس کے آغاز کی تیاریاں، ایلون مسک کی تقریب میں شرکت متوقع – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

پاکستان میں اسٹار لنک سروس کے آغاز کی تیاریاں، ایلون مسک کی تقریب میں شرکت متوقع

پاکستان میں عالمی شہرت یافتہ کمپنی اسٹار لنک رواں سال کے اختتام تک اپنی سروسز شروع کرنے جا رہی ہے، جب کہ اس سلسلے میں منعقد کی جانے والی افتتاحی تقریب میں دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی شرکت بھی متوقع ہے۔

معتبر ذرائع کے مطابق معروف عالمی کمپنی اسٹار لنک نے پاکستانی قوانین اور ریگولیٹری فریم ورک کے ماتحت کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، توقع ہے کہ رواں سال کے آخر تک اسٹار لنک پاکستان میں اپنی سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دے گی۔

ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ دنیا کے امیر ترین شخص اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی اس لانچنگ تقریب میں شرکت کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پاکستان اسپیس ایکٹویٹیز ریگولیٹری بورڈ، بین الاقوامی سیٹلائٹ ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری میں مصروف ہے جسے حتمی شکل دینے کے بعد اسٹار لنک کو باقاعدہ رجسٹریشن دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ فراہم کرنے والی دیگر کمپنیوں کی آرا کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے اس فریم ورک کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، اس سلسلے میں گزشتہ ماہ اسپیس ایکٹویٹیز ریگولیٹری بورڈ نے ایک مقامی ہوٹل میں سیٹلائٹ کمپنیوں کے ساتھ ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا، جس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزا فاطمہ نے بھی شرکت کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.