کوئٹہ میں چوری کی سب سے بڑی واردات، 4 گھروں سے 39 تولے سونا 52 کلو چاندی اور کروڑوں روپے کی نقدی چوری
کوئٹہ : صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں چوری کی ایک سنسنی خیز اور بڑی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم چوروں نے ایک ہی وقت میں ایک ہی خاندان کے چار گھروں کے تالے توڑ کر 52 کلو گرام چاندی، تقریبا 39 تولے سونا اور ایک کروڑ 20 لاکھ روپے نقدی سمیت کروڑوں مالیت کا سامان لوٹ لیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ پشتون آباد میں نذیر احمد کی مدعیت میں درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاندان لیاقت بازار میں جیولر (سونار) کا کام کرتا ہے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر روزانہ دکان بند کرتے وقت قیمتی زیورات اور نقدی اپنے ساتھ گھر لے آتا تھا۔ گزشتہ شب متاثرہ خاندان کے چھ گھرانے ایک کزن کی شادی میں شرکت کے لیے شادی ہال گئے ہوئے تھے۔ جب وہ صبح تقریبا 6 بجے واپس پہنچے تو دیکھا کہ گھروں کے بیرونی تالے درست تھے لیکن اندر داخل ہونے پر کمروں اور برآمدوں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے اور سارا سامان بکھرا ہوا تھا۔متاثرہ شخص نذیر احمد کے مطابق ان کے گھر سے 50 کلو چاندی کے بلاکس، 60 لاکھ روپے نقدی اور 200 گرام سونا چوری ہوا۔ اسی طرح ان کے کزن شبیر احمد کے گھر سے 20 لاکھ نقدی، 78 گرام سونا اور لائسنس یافتہ پستول، خان محمد کے گھر سے 25 لاکھ نقدی اور 130 گرام سونا، جبکہ تیسرے کزن زبیر کے گھر سے 2 کلو چاندی اور 15 لاکھ روپے نقدی سمیت سونا چوری کر لیا گیا۔متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ چور اپنے ساتھ سی سی ٹی وی کی ڈی وی آر (DVR) بھی لے گئے، تاہم کالونی میں لگے دیگر کیمروں کی فوٹیج سے معلوم ہوا ہے کہ گھر والوں کے نکلنے کے محض 17 منٹ بعد تین افراد موٹر سائیکل پر آئے اور واردات شروع کی۔ فوٹیج میں چار افراد چوری شدہ سامان کے ساتھ نکلتے ہوئے بھی دکھائی دیے ہیں۔ متاثرہ شخص نے شبہ ظاہر کیا کہ جیسے ہی آخری گاڑی نکلی، کیمرے اچانک بند ہو گئے، جس سے لگتا ہے کہ کوئی شخص پہلے سے اندر موجود تھا۔پولیس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 380، 457 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مجموعی طور پر چوری ہونے والے مال کی مالیت مارکیٹ ریٹ کے حساب سے 5 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔