لہڑی کے نوجوان مصنف محمد اسلم آزاد کا دوسرا ناول “میرون ڈائیری” شائع
سبی (سلیم گشکوری)بلوچستان کے چھوٹے سے شہر لہڑی سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے مصنف محمد اسلم آزاد کا دوسرا ناول “میرون ڈائیری” شائع ہو کر منظر عام پر آ گیا ہے، جسے ایلی گراف پبلیشرز کوئٹہ بلوچستان نے شائع کیا ہے۔ناول “میرون ڈائیری” میں احساس کے رشتوں، سماجی حقیقتوں، فرسودہ رسم و رواج اور انسانی باطن کے کرب کو نہایت منفرد اور دل کو چھو لینے والے انداز میں قلم بند کیا گیا ہے۔ یہ ایک ایسی کہانی ہے جو قاری کو اپنے اندر جھانکنے اور احساسات کے سفر پر لے جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ مصنف نے کرداروں کی نفسیات اور معاشرتی مسائل کو گہرائی اور مہارت کے ساتھ پیش کیا ہے۔ادبی حلقوں نے ناول کی اشاعت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ کتاب نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں قارئین کی توجہ حاصل کرے گی اور ادب کے میدان میں اپنی ایک الگ پہچان بنائے گی۔واضح رہے کہ محمد اسلم آزاد کا پہلا ناول “خاموش محبت” بھی شائع ہو چکا ہے جسے قارئین میں خاصی پذیرائی ملی تھی۔ناشر کے مطابق “میرون ڈائیری” کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں دستیاب ہے جبکہ کتاب کی تقریبِ رونمائی جلد منعقد کی جائے گی، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
