لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں پیشرفت پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی میں پاکستان کی قیادت کا کردار انتہائی اہم رہا۔
انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہا اور اسے امن کے قیام کیلئے مؤثر اقدام قرار دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عالمی تاریخ میں جب بھی اس تنازع کا ذکر ہوگا تو پاکستان کا نام نمایاں طور پر سامنے آئے گا، انہوں نے کہا کہ دنیا کو جنگ کے خطرے سے نکالنے میں پاکستان کی کامیابی ایک سنہری باب کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا جانا ایک بڑا اعزاز ہے اور عالمی سیاست میں پاکستان نے متوازن اور مؤثر سفارتکاری کے ذریعے سب کو حیران کر دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کے باعث دنیا ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہی، اور امید ہے کہ پاکستان میں امن سے متعلق جاری مذاکرات بھی کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ دنیا کی قدیم تہذیبوں کو بچانے کیلئے پاکستان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور یہ کردار تاریخ میں نمایاں رہے گا۔