بنگلہ دیشی حکام کے مطابق ساحلی شہر چٹاگانگ میں موٹر سائیک سوار مسلح ملزمان نے سیاسی ریلی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور امیدوار سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا، جب ملک کی سیاسی جماعتوں نے تاریخی عام انتخابات کے لیے اپنی مہم شروع کر دی ہیں۔
5 نومبر کو ملک کی بڑی جماعتوں نے فروری 2026 میں ہونے والے انتخابات کے لیے اپنی انتخابی مہمات کا آغاز کیا تھا، گزشتہ برس سابق حکمران شیخ حسینہ کی آمرانہ حکومت کے خاتمے کے بعد پہلے انتخابات ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ 5 نومبر کو چٹاگانگ میں بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی بڑی ریلی کے دوران پیش آیا، جس میں سیکڑوں افراد شریک تھے، بی این پی کے سینئر رہنما امیر خسرور محمود چوہدری نے کہا کہ یہ سیاست کو غیر مستحکم کرنے اور انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش تھی۔