ترک ڈرامہ سیریل کورولوش عثمان میں میخائل کوسس کا کردار نبھانے والے ترکیہ کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
استنبول کے ضلع Kağıthane میں واقع اپارٹمنٹ میں اداکار کو 5 ستمبر کو ان کی دوست نے مردہ حالت میں پایا۔
ان کی دوست اوزلم ای نے 51 سالہ اداکار کو گھر کے ایک کمرے کی کرسی میں بے حس و حرکت بیٹھے ہوئے پایا۔
اوزلم ای 3 ستمبر سے سرحات کیلیچ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں مگر ایسا ممکن نہیں ہو سکا، تو وہ انہیں دیکھنے کے لیے وہاں پہنچی تھیں۔
جب گھر کے اندر انہوں نے دیکھا کہ اداکار سانس نہیں لے رہے تو مدد کے لیے ایمرجنسی سروس سے رابطہ کیا۔
طبی ٹیموں نے وہاں پہنچ کر تصدیق کی کہ اداکار کا انتقال ہوچکا ہے۔
اوزلم ای نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بوائے فرینڈ کو لمفک کینسر کا سامنا تھا۔
اداکار کی پراسرار موت کے بعد پولیس کی جانب سے اس کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
ابتدائی معائنے میں کسی جسمانی حملے کے آثار یا کھلے زخم دریافت نہیں ہوئے۔
حکام کی جانب سے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاکہ موت کی حقیقی وجہ کا تعین کیا جاسکے۔
اداکار کی پیدائش 1975 میں ہوئی تھی اور وہ ترکیہ کے معروف فلمی و ٹی وی اداکار تھے۔
1998 میں تھیٹر سے انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا جبکہ 2014 میں ان کی فلم کچ یوکوسو نے کانز فلم فیسٹیول کا ایوارڈ جیتا۔
اس کے بعد مختلف ٹی وی سریز جیسے سوز، کورلوش عثمان، محمد فاتح اور متعدد میں کام کیا اور دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔
