پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بلے باز فخر زمان نے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں شاندار جیت پر گیم پلان سے متعلق اظہار خیال کیا ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 35 ویں اور اہم میچ میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رن سے شکست دے کر 2 قیمتی پوائنٹ حاصل کیے۔
نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پاکستان نے 2 قیمتی پوائنٹ کے ساتھ ٹیبل پر ایک بار پانچویں پوزیشن حاصل کرلی ہے اور گرین شرٹس کا رن ریٹ بھی بہتر ہوکر مثبت ہوگیا ہے۔
میچ سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں فخر زمان اور بابر اعظم میچ سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں، کپتان بابر اعظم نے کہا ‘میرے دماغ میں تھا اگر کریز پر فخر کھڑا رہا تو ہم 402 کا ہدف باآسانی حاصل کرلیں گے، کیونکہ جب بھی فخر اس قسم کی اننگز کھیلتا ہے ہم 90 فیصد وہ میچ جیت جاتے ہیں’۔