صوبے بنانے کی منطق سمجھ نہیں آئی، نفرت کی سیاست دفن کریں گے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ کہاجارہاہے سسٹم تباہ ہوچکا ہے تو صوبے بنائیں، سسٹم تباہ ہوچکا ہے توصوبے بنانے کی منطق سمجھ نہیں آئی۔ سندھ میں صیہونیت کی سیاست متعارف کرانے میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے، نفرت کی سیاست دفن کریں گے۔

 

تھرپارکر کی تحصیل اسلام کوٹ میں تھر کول بلاک ٹو کے فیز تھری منصوبے کے افتتاحی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھرجیسی تبدیلی پورے ملک میں نہیں دیکھی، تھرمیں صحت، تعلیم کے نظام میں ترقی ہوئی ہے، پورا پاکستان حیران ہے تھر کہاں پہنچ گیا۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ تھر کی مثال آئین، اٹھارہویں ترمیم کی بڑی کامیابی ہے، اسلام آباد کو بھی تھر کی طرح چلنا چاہیے، تھر میں سب سے کم قیمت بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

 

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیاسی یتیموں کی جماعت کراچی میں نفرت، تقسیم کی سیاست کرتی ہے، یہ سیاسی جماعت تقسیم اور صیہونیت کی سیاست کرتی ہے، یہ سندھ میں صیہونیت کی سیاست متعارف کرانے میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔

 

انہوں نے کہا کہ تھر اور تھر کے بچے ترقی کرتے رہیں گے، تھرکے بچے ٹاپ کرتے ہیں، یہ روایت بن چکی ہے، تھر کے بچوں کو مبارکباد دینے کے بجائے یہ نفرت کی سیاست کررہے ہیں، ان کی نفرت کی سیاست دفن کریں گے۔

 

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقی لائیں گے، چاہتا ہوں کراچی میں بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کےتحت تبدیلی لےکرآئیں، ترقی اور کامیابی کے ماڈل کو پورے ملک میں عملدرآمدکرنا چاہیے، ہمیں اسلام آباد کی ذمہ داری دے دیں، دکھادیں گے تھرکے نوجوان کیاکرسکتے ہیں۔

 

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں نظام تباہ ہونے کا بیانیہ بناکر نئے صوبے بنانےکی بات کی جارہی ہے، کہاجارہاہے سسٹم تباہ ہوچکا ہے تو صوبے بنائیں، سسٹم تباہ ہوچکا ہے توصوبے بنانے کی منطق سمجھ نہیں آئی، اگر اسلام آباد ناکام ہوچکا ہے تو اسے تھرپار کرکے حوالے کردیں، اسلام آباد کے بچوں کو ہر امتحان میں ٹاپ کرادیں گے۔ اسلام آباد کے اسپتال بھی 100فیصد مفت کرواکر عالمی معیار پر لے آئیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P