عیدالاضحی قریب، کوئٹہ میں چھریوں کی خرید و فروخت اور قصابوں کی تیاری عروج پر
عید کے پہلے روز قربانی کا معاوضہ 5 ہزار روپے تک، شہری چاقو تیز کروانے میں مصروف
کوئٹہ(یو این اے )عیدالاضحی کی آمد کے ساتھ ہی کوئٹہ شہر میں چھریوں، چاقوں اور دیگر قصائی اوزاروں کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔ قصابوں نے نرخوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، اور شہریوں کی بڑی تعداد اپنے پرانے اوزار تیز کروانے میں مصروف ہے۔قصابوں کا کہنا ہے کہ عید کے پہلے دن ایک بکرے کی قربانی کا معاوضہ پانچ ہزار روپے تک وصول کیا جائے گا، جب کہ بڑے جانوروں کی قربانی کے نرخ اس سے کہیں زیادہ ہوں گے۔ دوسری جانب دکانداروں کے مطابق اس سال شہریوں کی بڑی تعداد نئے چاقو خریدنے کے بجائے پرانے اوزار تیز کروانے کو ترجیح دے رہی ہے۔عید کے موقع پر قربانی کے بعد باربی کیو اور دیگر روایتی کھانوں کی تیاری کے لیے کوئلہ، سیخیں اور انگیٹھیاں بھی خوب فروخت ہو رہی ہیں۔ شہر کی دکانوں کے ساتھ ساتھ مختلف شاہراہوں پر بھی یہ اشیا کھلے عام دستیاب ہیں، اور شہری ان ضروری اشیا کی خریداری میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔