پشین (یو این اے)پشین کے علاقے یارو میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے شہدا کے لواحقین نے انصاف کی فراہمی اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پشین کوئٹہ نیشنل ہائی وے کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بلاک کر دیا ہے۔ لواحقین نے شاہراہ کے دونوں اطراف رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں، جس کے باعث مال بردار گاڑیوں اور مسافر بسوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور مسافروں کو سخت گرمی میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ سانحہ یارو کو گزرنے کے باوجود انتظامیہ اور پولیس ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ لواحقین نے دو ٹوک مطالبہ کیا ہے کہ جب تک واقعے میں ملوث اصل ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا، ان کا احتجاج اور شاہراہ کی بندش کا سلسلہ غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔ انہوں نے حکامِ بالا سے فوری مداخلت اور انصاف کی اپیل کی ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ شاہراہ کو کھولا جا سکے۔