یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل داغ دیا جس سے پروازوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
یمن سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل نے اسرائیل کے بین گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بیرونی علاقے کو نشانہ بنایا ہے، جس سے ایک سڑک اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے اور فضائی ٹریفک رک گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے اتوار کی صبح تصدیق کی کہ اس کے دفاعی نظام کئی بار روکنے کی کوشش کے باوجود اس پروجیکٹائل کو مار گرانے میں ناکام رہا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ طبی عملے کے مطابق اس حملے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے، جو غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جنگ اور ناکہ بندی کی مخالفت میں اسرائیل پر حملے کر رہے ہیں، اسرائیل کے مصروف ترین ہوائی اڈے پر داغے گئے میزائل کی ذمہ داری قبول کی۔