امریکی جامعات میں غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک پولیس مختلف یونیورسٹیوں اور کالج کیمپسوں سے 2 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں کیمپ لگا کر مظاہرہ کرنے والوں اور پولیس کے درمیان تناؤ حد درجہ بڑھ گیا ہے اور پولیس نے کیمپس میں داخل ہو کر درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انتظامیہ نے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے دوسری بار پولیس کو طلب کیا ہے اور احتجاج کرنے والے متعدد طلبہ کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں یونیورسٹی سے بے دخل کرنے کی بھی دھمکیاں دی گئیں۔
کولمبیا یونیورسٹی میں اس وقت 24 گھنٹے کیمپس کے باہر پولیس موجود ہے۔