رام گوپال ورما اور ارمیلا نے خفیہ شادی کی تھی؟ سینئر بھارتی صحافی کا حیران کن دعویٰ

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز رام گوپال ورما اور اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ ماضی میں دونوں کے درمیان قربت اور ڈیٹنگ کی افواہیں گردش کرتی رہی تھیں، تاہم اب ایک سینئر بھارتی صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں نے اپنے تعلقات کے دوران مبینہ طور پر خفیہ شادی بھی کر رکھی تھی۔

بھارتی فلمی صحافی جیوتی وینکٹیش نے ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس مبینہ شادی کے بارے میں معلومات معروف اداکار چرنجیوی سے ملیں۔ ان کے مطابق یہ ملاقات فلم ’جینٹل مین‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی، جہاں چرنجیوی نے ان سے سوال کیا کہ وہ فلمی دنیا کی ہر بڑی خبر لکھتے ہیں، مگر رام گوپال ورما اور ارمیلا کی شادی کا ذکر کیوں نہیں کیا۔

جیوتی وینکٹیش کے مطابق جب انہوں نے اس دعوے کے ثبوت کے بارے میں استفسار کیا تو چرنجیوی نے بتایا کہ یہ شادی آندھرا پردیش کے ایک مندر میں انجام پائی تھی۔ صحافی کا کہنا ہے کہ انہیں اس پجاری کا فون نمبر بھی فراہم کیا گیا جس نے مبینہ طور پر شادی کی رسم ادا کرائی تھی۔ 

انہوں نے بتایا کہ خبر شائع کرنے سے پہلے انہوں نے تصدیق کے لیے ارمیلا ماتونڈکر سے رابطہ کیا۔ ان کے بقول، اداکارہ یہ بات سن کر جذباتی ہو گئیں اور روتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بارے میں ایسی خبر کیسے لکھ سکتے ہیں، جبکہ وہ انہیں انڈسٹری میں ان کے ابتدائی دنوں سے جانتے ہیں۔ صحافی نے مزید انکشاف کیا کہ انہوں نے اس معاملے پر رام گوپال ورما کا مؤقف جاننے کی بھی کوشش کی، تاہم فلم ساز نے اس بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

جیوتی وینکٹیش نے دونوں کے مبینہ تعلق کے خاتمے کی وجہ بھی بیان کی۔ ان کے مطابق ارمیلا چاہتی تھیں کہ ان کی شادی کو قانونی حیثیت دی جائے، لیکن رام گوپال ورما اس مرحلے پر ایسا کرنے کے لیے تیار نہیں تھے، جس کے باعث دونوں کے راستے الگ ہو گئے۔

رام گوپال ورما اور ارمیلا ماتونڈکر نے ماضی میں کئی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں رنگیلا، دوڑ، ستیا اور پیار تُو نے کیا نمایاں ہیں۔ تاہم خفیہ شادی سے متعلق سامنے آنے والے اس دعوے کی نہ تو دونوں شخصیات نے تصدیق کی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی باضابطہ ثبوت منظر عام پر آیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P