الیکشن کمیشن کے مطابق 21 نشستوں پر 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے، جن میں ضلع نیلم کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 51 ہزار 911، ضلع جہلم ویلی کی دو نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 اور ضلع مظفرآباد کی پانچ نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز شامل ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار مدِمقابل ہیں، مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 1483 پولنگ اسٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6 جبکہ نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 4 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ضلع مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
انتخابی حلقوں میں نمایاں مقابلوں میں ایل اے 25 اور ایل اے 26 نیلم میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار آمنے سامنے ہیں، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔ اسی طرح مظفرآباد کے حلقہ جات ایل اے 27 سے ایل اے 33 تک بھی مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت انتخابی مقابلے متوقع ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن جبکہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں
