پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپینز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ساتھ میچز پر ہائبرڈ ماڈل کے مؤقف کو برقرار رکھا ہے، ایونٹ کے حوالے سے مذاکرات دبئی میں جاری ہیں۔
دبئی میں چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، پی سی بی کے اعلیٰ عہدے داران مذاکرات میں شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اپنے مطالبے سے اب تک پیچھے نہیں ہٹا، چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہ ہونے سے کئی معاملات تاخیر کا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں، بھارت پاکستان کو اپنے ملک میں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے اس لیے معاہدے پر دستخط کرنے سے کترا رہا ہے، پاکستان کے بھارت میں نہ کھیلنے سے بھارت کو بڑا نقصان ہوگا، پاکستان 3 سال تک ہائبرڈ ماڈل برقرار رکھنے کے مطالبے پر قائم ہے۔
چیمپنئز ٹرافی نہ کھیلنے پر پاکستان کو مالی اور قانونی طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی نے آئی سی سی ایونٹس پر گہری سمجھ بوجھ رکھنے والے ایک سینیئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ پی سی بی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے آمادہ نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کا ایونٹ میں شرکت نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ ہوگا۔