اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات: سعودیہ نے امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدے پر عمل روک دیا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات: سعودیہ نے امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدے پر عمل روک دیا

سعودی عرب کے 2 اور مغربی ممالک کے 4 حکام کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے بدلے میں امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدے پر عمل روک دیا ہے اور اب وہ زیادہ معمولی فوجی تعاون کے معاہدے پر زور دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سال کے اوائل میں سعودی عرب نے فلسطینی ریاست کے حوالے سے اپنے موقف میں نرمی کا اظہار کرتے ہوئے واشنگٹن سے کہا تھا کہ دو ریاستی حل کے لیے تل ابیب کی جانب سے عوامی عزم، تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے کافی ہو سکتا ہے، لیکن غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی پر سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ میں عوامی غم و غصے کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک بار پھر اسرائیل کو تسلیم کرنے کو ’فلسطینی ریاست‘ کے قیام کے لیے ٹھوس اقدامات سے مشروط کر دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق مغربی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اب بھی ایک تاریخی سنگ میل اور عرب دنیا میں وسیع تر قبولیت کی علامت کے طور پر سعودی ’پاور ہاؤس‘ کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے خواہاں ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کے چھاپوں کے بعد فلسطینیوں کو کسی بھی قسم کی رعایت دینے پر نیتن یاہو کو اندرون ملک شدید مخالفت کا سامنا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ فلسطینی ریاست کی جانب کوئی بھی اقدام ان کے حکمران اتحاد کو توڑ دے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال دونوں رہنما اپنی داخلی طاقت کے مراکز کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں، ریاض اور واشنگٹن کو امید ہے کہ جنوری میں صدر جو بائیڈن کے وائٹ ہاؤس چھوڑنے سے پہلے ایک زیادہ معمولی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جاسکتے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.