بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں متوقع طوفان ’فینگل‘ کے ساحل سے ٹکرانے کے خدشے پر اسکول اور کالجز بند کر دیے گئے ہیں اور سیکڑوں افراد پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندری طوفان ’فینگل‘ کے ریاست تمل ناڈو سے ٹکرانے کا امکان ہے اور دوپہر کے وقت 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں۔
ماہی گیروں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ پانی سے دور رہیں، ایک میٹر اونچی لہروں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے نشیبی ساحلی علاقوں میں سیلاب کا ’خطرہ‘ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ سمندری طوفان رواں ہفتے کی ابتدا میں سری لنکا سے ساحلوں کو عبور کر گیا تھا، سری لنکا میں طوفان کے بعد سیلابی صورتحال دیکھی گئی، اس دوران بچوں سمیت کم از کم 12 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی تھیں، سیلاب کے نتیجے میں سری لنکا کی ڈھائی لاکھ سے زائد آبادی کو بے گھر ہونے کی وجہ سے پناہ گاہوں میں منتقل ہونا پڑا تھا۔