وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایسے احتجاج کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں ڈی چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی جی سے لے کر ہر پولیس والا الرٹ ہے، یہ جو کر رہے ہیں یہ طریقہ کار غلط ہے، ایسا نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں شہر میں راستے بند ہونے سے لوگوں کو پیش آنے والی مشکلات کا احساس ہے لیکن لوگوں کو خود احساس ہونا چاہیے کہ یہ ہمیں کس وجہ سے کرنا پڑ رہا ہے، کن لوگوں کی وجہ سے کرنا پڑ رہا ہے اور کیوں کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی سے آنے والے شہریوں کو صبح سے مشکلات ہوئی ہیں اور ہم ان سے معذرت خواہ ہیں لیکن ہمیں اپنے باہر سے آنے والے مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے یہ کرنا پڑا اور ہمیں ان مہمانوں کو یہ احساس دلانا تھا کہ یہ ایک محفوظ ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام پورا کریں گے اور جو لوگ بھی احتجاج کا سوچ رہے ہیں اور ایک دفعہ پھر سوچ لیں۔
انہوں نے کہا کہ ساری صورتحال آپ کےسامنے ہے، کل بھی درخواست کی تھی جلسے جلوس نہ کریں، کسی پولیس اہلکار کے پاس اسلحہ نہیں، جو لوگ آ رہے ہیں ان کے پاس اسلحہ موجود ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لےگی، علی امین گنڈاپور کو سوچنا چاہیےکہ وہ کیا کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے کسی نہ کسی سطح پر رابطہ ہے، انہیں امید ہے کہ علی امین گنڈاپور بطور پاکستانی سوچیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے لیے باہر سے آئے ہوئے مہمانوں کی سیکیورٹی اہم ہے، اگر احتجاج کے لیے اجازت سے آتے تو پروٹوکول ملتا، اسلام آباد پر ہر چوتھے دن خیبرپختونخوا سے دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔