دبئی میں پہلے ایئرٹیکسی سٹیشن کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

دبئی میں پہلے ایئرٹیکسی سٹیشن کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع

دبئی میں پہلے فضائی ٹیکسی سٹیشن کی تعمیر کے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فضائی ٹیکسی سٹیشن کا باقاعدہ افتتاح سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کر دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق فضائی ٹیکسی سروس سے متعلق کمپنی ’جوبی‘ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ فضائی ٹیکسی سروس سے نئے دور کا آغاز ہوگا جو تحفظ ماحولیات کے حوالے سے بھی بہتر ہوگی۔

دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ فضائی ٹیکسی سروس کے حوالے سے مزید سٹیشنز کی تعمیر کے مقامات کا بھی عنقریب آغاز کر دیا جائے گا، فضائی ٹیکسی سروس کو بڑے ہوٹلوں، ایئرپورٹس اور سیاحتی مقامات کے روٹس پر استعمال کیا جائے گا جبکہ دبئی کے مختلف علاقوں میں چار فضائی ٹیکسی سٹیشنز تعمیر کئے جائیں گے۔

فضائی ٹیکسی کے 6 پنکھے ہوں گے جبکہ چار بیٹریاں اس میں فٹ ہوں گی جو 161 کلو میٹر تک کی مسافت طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ڈائریکٹر کے مطابق فضائی ٹیکسی سروس کے منصوبے سے منسلک کمپنی کی تیار کردہ ایئر ٹیکسی چار سیٹوں والی اور رفتار 320 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوگی، ایئرٹیکسی کا ٹیک آف اور لینڈنگ عمودی ہوگا جس کیلئے روایتی رن ویز کی ضرورت نہیں ہوگی جو عام مقامات پر بھی لینڈ کرسکتی ہیں۔

ایئرٹیکسی کے ذریعے جمیرا بیچ سے ایئرپورٹ تک 10 منٹ میں پہنچ سکتے ہیں جو عام طور پر زمینی ٹیکسی سے 45 منٹ کی مسافت ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.