شیر اور تیر کے درمیان یہ شادی تیسری قوت نے زبردستی کروائی ہے، حافظ حمداللہ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

شیر اور تیر کے درمیان یہ شادی تیسری قوت نے زبردستی کروائی ہے، حافظ حمداللہ

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ تیر اور شیر کے درمیان یہ شادی بالجبر ہے اور تیسری قوت نے زبردستی کروائی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے پوچھ لیں وہ اس سیاسی شادی پر خوش نہیں ہیں، جے یو آئی کا پیغام واضح ہے فی الحال تو پارلیمنٹ جائیں گے، پارلیمنٹ میں بھی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے اور باہر بھی سسٹم کے خلاف تحریک چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ معاہدہ تو یہ ہونا تھا کہ بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کیسے کریں گے، وہاں بدقسمتی سے اقتدار اور کرسیوں کی تقسیم کی بات کی جا رہی تھی، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے پاور شیئرنگ کی اور عوام کے لیے ایک لفظ نہیں تھا۔جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت اس قسم کی حکومت کا حصہ نہ بنتی ہے اور نہ بنے گی، جو حکومت انہوں نے بنائی ہے یہ صرف اقتدار کے لیے ہے، قوم کی ترقی کے لیے نہیں، دونوں بڑی جماعتیں کل اقتدار میں نہیں تھیں تو کہتی تھیں کہ دھاندلی ہوئی ا?ج اقتدار میں جارہے ہیں تو کہتے ہیں دھاندلی نہیں ہے، سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے شفاف الیکشن کا ہونا ضروری تھا۔حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ الیکشن سے پہلے ہم سن رہے تھے کہ فلاں صوبہ فلاں جماعت اور وفاقی حکومت فلاں کو دی جا رہی ہے، جو ہم الیکشن سے پہلے سن رہے تھے الیکشن کے بعد وہی کچھ ہوا، صاف اور شفاف الیکشن تو ہوا ہی نہیں، اس لیے ہم تحریک چلائیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.