پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران مندی کے بعد مثبت رجحان دیکھا گیا، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 825 پوائنٹس اضافے کے بعد 59 ہزار 996 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 36 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 267 پوائنٹس یا 0.45 فیصد تنزلی کے ساتھ 58 ہزار 903 پر آگیا۔
بعد ازاں، اتار چڑھاؤ کے بعد انڈیکس میں مثبت رجحان دیکھا گیا، تقریبا 11 بج کر 51 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 825 پوائنٹس یا 1.4 فیصد اضافے کے بعد 59 ہزار 996 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 59 ہزار 170 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسٹاک ایکسچینج میں ایک روز میں ریکارڈ 2534 پوائنٹس کمی کے بعد 60 ہزار کی نفیساتی حد سے بھی نیچے آگیا تھا۔
اسٹاک بروکر ظفر موتی والا نے بتایا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کو سیاسی عدم استحکام سے جوڑ دیا۔