امریکا اور اسرائیل کا حماس کو جڑ سے ختم کرنے پر اتفاق – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

امریکا اور اسرائیل کا حماس کو جڑ سے ختم کرنے پر اتفاق

حماس کو ختم کرنے کے ہدف پر اسرائیل اور امریکا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے جس کا اعتراف خود نیتن یاہو کے ایک مشیر نے برسرعام کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے سینیر مشیر مارک ریگیو نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان غزہ جنگ پر کئی معاملات میں اختلافات ہیں لیکن حماس کو جڑ سے ختم کرنے پر دونوں ہی متفق ہیں۔

غزہ جنگ کے اختتام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ حماس کے خاتمے کے امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ ہدف کے حصول تک جنگ جاری رہے گی جس میں کچھ وقت لگے گا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے مشیر نے حماس کے خاتمے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہم امریکا کی ہر تجویز پر غور کرتے ہیں اور کئی معاملات میں اختلاف بھی کرتے ہیں اور امریکا ان اختلافات کے باوجود ہمارے ساتھ کھڑا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے مشیر کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل کے اسٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر نے وائٹ ہاؤس اور اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام سے ملاقات کی اور غزہ میں جنگ کے اگلے مرحلے پر بات چیت کی۔

قبل ازیں اسرائیلی آرمی چیف آف اسٹاف ہرزی ہیلیوی بھی حماس کے خلاف جنگ کے کئی ماہ تک جاری رہنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی جادوئی حل اور شارٹ کٹ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 60 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.