افریقی ملک یوگنڈا نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2024 کیلئے کوالیفائی کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے کوالیفائر میں یوگنڈا نے روانڈا کو شکست دے کر اگلے سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افریقا ریجن کوالیفائر میں جمعرات کو یوگنڈا کی ٹیم نے روانڈا کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
افریقا ریجن کوالیفائر کی ٹاپ 2 ٹیموں نے اگلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلینا تھا، یوگنڈا سے قبل نمیبیا گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی جگہ پکی کرچکی تھی۔
یوگنڈا کے کوالیفائی کرنے کے بعد افریقا ریجن کوالیفائر میں شامل زمبابوے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں کوالیفائی کرنے کی ریس سے باہر ہوگیا۔
نمیبیا اور یوگنڈا کے کوالیفائی کرنے کے بعد آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کی 20 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔