ایک 22 سالہ کینیڈین شہری پر مسلمان خاندان کے 4 افراد کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہوا ہے، جس نے 2021 میں اپنا ٹرک ان پر چڑھا دیا تھا۔
ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نیتھینیئل ویلٹمین کے خلاف فیصلہ سنانے میں عدالت کو تقریباً 6 گھنٹے لگے، جس نے کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں ایک خاندان پر حملہ کر دیا تھا۔
اسے عمر قید کی سزا کا سامنا ہے اور 25 سال تک پرول پر رہائی ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ یہ حملہ دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے، مزید کہا کہ نیتھینیئل ویلٹمین کی اپنی تحاریر سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سفید فام قوم پرست ہے اور بڑے پیمانے پر امیگریشن کا مخالف ہے۔
خیال رہے کہ 8 جون 2021 کو کینیڈا کے جنوبی صوبہ اونٹاریو میں ایک شخص نے پک اَپ ٹرک ایک مسلمان خاندان پر چڑھا دیا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، پولیس نے واقعے کو ’سوچا سمجھا‘ حملہ قرار دیا تھا۔