جنوبی افریقا کا غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیراعظم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

جنوبی افریقا کا غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیراعظم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

جنوبی افریقا نے بین الااقوامی فوجداری عدالت سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نالیدی پاندور نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں انسانیت سوز مظالم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ خواتین اور بچوں کو بھی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا رہا ہے۔

جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل بین الااقوامی فوجداری عدالت کے دائرہ اختیار میں آنے والی 4 میں سے 3 خلاف ورزیوں یعنی جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور قتل عام کا مرتکب ہوا۔

نالیدی پاندور نے مطالبہ کیا کہ آئی سی سی کے پراسیکیوٹر اسرائیل کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کی رفتار کو بڑھائے اور اسرائیلی وزیرعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرے۔

جنوبی افریقا کی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ غزہ میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ان کی کابینہ کے کچھ ارکان سمیت فی الفور گرفتار کرنا چاہیے۔

جنوبی افریقا نے اسرائیل کے غزہ پر مسلسل بمباری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تل ابیب سے اپنے سفیر بھی واپس بلالیے تھے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی جن میں 4 ہزار 324   بچے اور 2 ہزار 823 خواتین شامل ہیں جب کہ حماس کی کارروائیوں میں مارے گئے اسرائیلیوں کی تعداد تقریباً 1,600 ہوگئی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.