بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز میں 21 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے جبکہ 2 افسروں اور ایک کسٹمز اہلکار سمیت 6 جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع چاغی اور پشین میں آپریشن کیا، چاغی کے علاقے نوکچا اور پشین کے علاقے زیارت کراس میں کارروائیاں کی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز دہشت گردوں نے این 40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے بھتہ خوری کے لیے غیر قانونی ناکہ قائم کیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی سکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو ان کے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے چھ بہادر سپوتوں، جن میں دو افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل تھا، نے فرض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی پیش کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کے لیے گردونواح میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے تحت جاری دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P