وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے ریاض میں لیپ فائیو 2026 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سلامتی سمیت دیگر شعبوں میں ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ آئی ٹی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات بھی کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کے لیے دیرپا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کے شعبے میں بیرونی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
شزہ فاطمہ کے مطابق پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت ڈیجیٹل گورننس پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
