کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے اہم علاقوں جناح روڈ، شارع اقبال سمیت مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس کی خرابی کے باعث رات کے اوقات میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اہم اور مصروف شاہراہوں پر اندھیرا شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے بھی سنگین خدشات پیدا کر رہا ہے۔شہریوں کے مطابق شہر کی متعدد سڑکوں اور گلیوں میں طویل عرصے سے سٹریٹ لائٹس خراب پڑی ہیں، جس کے باعث رات کے وقت پیدل چلنے والوں، خواتین، بزرگوں اور موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ اندھیری شاہراہوں کے باعث ٹریفک حادثات کے خطرات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں کا یہ حال انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ لاکھوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے دعووں کے باوجود اگر شہر کی بنیادی سہولت، یعنی سٹریٹ لائٹس، ہی فعال نہیں تو عوام کو درپیش مسائل کا ذمہ دار کون ہے؟جناح روڈ اور شارع اقبال جیسے مرکزی علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی خرابی خصوصاً تشویشناک ہے، کیونکہ ان شاہراہوں پر دن رات شہریوں کی بڑی تعداد آمدورفت کرتی ہے۔ رات کے وقت روشنی کا مناسب انتظام نہ ہونے سے نہ صرف شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے بلکہ جرائم پیشہ عناصر کو بھی فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکتا ہے۔شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری اور سخت نوٹس لیا جائے، شہر بھر کی خراب سٹریٹ لائٹس کا ہنگامی بنیادوں پر سروے کرایا جائے اور انہیں فوری طور پر فعال کیا جائے۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اہم شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں روشنی کا نظام فوری طور پر بحال نہ کیا گیا تو عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صرف کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات کرتے ہوئے سٹریٹ لائٹس کی مستقل بنیادوں پر دیکھ بھال اور مرمت کا مو¿ثر نظام بھی وضع کیا جائے۔کوئٹہ کے شہریوں کا دوٹوک مطالبہ ہے کہ صوبائی دارالحکومت کو تاریکی کے رحم و کرم پر چھوڑنے کے بجائے متعلقہ ادارے فوری حرکت میں آئیں اور شہر کی اہم شاہراہوں کو روشن اور محفوظ بنایا جائے۔
You might also like

