کوئٹہ: زیارت کراس کسٹم چیک پوسٹ پر کسٹم حکام نے اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مسافر بس سے 122 کلوگرام چاندی، 277 موبائل فونز اور 5 لینوو ٹیبلٹس برآمد کرلیے۔ذرائع کے مطابق قابلِ اعتماد اطلاع پر کسٹم حکام نے مسافر بس نمبر سی بی جی-1949 کو زیارت کراس کسٹم چیک پوسٹ پر روک کر تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی ایک ایک کلوگرام وزن کی 122 چاندی کی اینٹیں برآمد ہوئیں، جن کا مجموعی وزن 122 کلوگرام ہے۔ چاندی کی خالصیت اور حتمی مالیت کا تعین لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا، تاہم ابتدائی طور پر چاندی کی مالیت تقریبا 7 کروڑ 32 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔کارروائی کے دوران مختلف برانڈز کے 277 پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے، جن میں 166 پوکو، 76 شیامی، 27 ایل جی اور 8 ہواوے موبائل فونز شامل ہیں۔ موبائل فونز کی ابتدائی مالیت تقریبا 1 کروڑ 62 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔اس کے علاوہ لینوو کے 5 ٹیبلٹس بھی برآمد کیے گئے، جن کی ابتدائی مالیت تقریبا 1 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔کسٹم حکام نے کارروائی میں استعمال ہونے والی ڈائیوو بس، رجسٹریشن نمبر سی بی جی-1949، کو بھی قبضے میں لے لیا، جس کی ابتدائی مالیت تقریبا 1 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔کسٹم حکام کے مطابق برآمد شدہ سامان اور بس کی مجموعی ابتدائی مالیت تقریبا 10 کروڑ روپے بنتی ہے۔ چاندی کے لیبارٹری ٹیسٹ اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد حتمی مالیت اور دیگر تفصیلات سامنے آئیں گی۔کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی روک تھام اور غیر قانونی اشیا کی نقل و حرکت کے خلاف کارروائیاں مزید جاری رکھی جائیں گی۔
You might also like

