شمالی ڈیرہ بگٹی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اپنے آبائی علاقے شمالی ڈیرہ بگٹی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین اور اپنے حلقے کے عوام سے ملاقات کی، روایتی بلوچی انداز میں حال احوال کیا اور علاقائی صورتحال سمیت عوام کو درپیش مسائل دریافت کیے۔ وزیراعلیٰ نے عوام میں گھل مل کر مختلف محکموں سے متعلق شکایات سنیں اور متعدد عوامی مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ افسران اور سرکاری اہلکار عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور شہریوں کے مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا مقامی سطح پر فوری حل انہیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آنے کی مشکلات سے بچا سکتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں گورننس کے نظام کو بہتر بنا کر عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا مو¿ثر طریقہ کار مرتب کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات اور سرکاری خدمات ان کی دہلیز پر میسر ہوں اور انہیں معمولی نوعیت کے مسائل کے لیے طویل سفر نہ کرنا پڑے۔ تعلیم کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں بند پڑے سینکڑوں اسکول کھول کر عملی طور پر فعال کیے گئے ہیں۔ تعلیم ہی ملک، قوم اور خاندانوں کی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت بلوچستان کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔ امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں صوبے میں امن کی ضامن ہیں۔ دہشت گرد نہتے اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر انسانیت سے عاری ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ قوم اپنے شہداءکی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیوں میں ہم اپنے عظیم شہداءکو نہیں بھولے۔ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءپوری قوم کا فخر ہیں اور ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت دیگر دور افتادہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا آغاز موجودہ حکومت کا اہم اعزاز ہے قبائلی عمائدین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی حکومتی اقدامات کے ثمرات نمایاں طور پر نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کرنے کو بھی سراہا۔
You might also like

