واٹس ایپ میں فراڈ سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اے آئی پر مبنی اسکام ڈیٹیکشن فیچر کا مقصد ممکنہ فراڈ چیٹ کو شناخت کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یہ فیچر آن ڈیوائس اے آئی استعمال کرکے مشتبہ چیٹس کو فلیگ کرے گا جبکہ میسجز کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اس وقت کام کرتا ہے جب ایک مشین لرننگ ماڈل براہ راست صارف کے اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ ہوتا ہے۔
واٹس ایپ میں ایک ایسا نیا فیچر جو صارفین کے ایک عام مسئلے کا حل ثابت ہوگا
یہ ماڈل ایسے افراد کے واٹس ایپ میسجز کا تجزیہ کرتا ہے جن کے نمبر کانٹیکٹس کے طور پر محفوظ نہیں ہوتے اور گفتگو کے انداز اور زبان کو دیکھ کر ممکنہ فراڈ کا اندازہ لگاتا ہے۔
اگر سسٹم کسی چیٹ کو ممکنہ فراڈ کے طور پر شناخت کرتا ہے تو واٹس ایپ کی جانب سے صارف کے سامنے ایک وارننگ ظاہر کی جاتی ہے، جس کا علم دوسرے فرد کو نہیں ہوتا۔
صارفین اس وارننگ کو دیکھ کر میسجز بھیجنے والے کو بلاک یا رپورٹ کرنے کے آپشنز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں یا چیٹ جاری رکھ سکتے ہیں یا اسے ٹرسٹڈ قرار دے سکتے ہیں۔
جب کسی چیٹ کو ٹرسٹڈ قرار دیا جائے گا تو واٹس ایپ کی جانب سے اس چیٹ کے لیے اسکام الرٹس دکھانے کا سلسلہ ختم کر دیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق اے آئی ماڈل کو فراڈ کی شناخت کی تربیت دی گئی ہے۔
میٹا نے مزید بتایا کہ اس اے آئی ماڈل سے صارفین کی پرائیویسی متاثر نہیں ہوگی اور ان کے مسیجز تک کمپنی کو رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

