برطانوی اوپن 2026 میں پاکستان رائفل ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 گولڈ، 2 سلور اور 4 کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر 13 میڈلز اپنے نام کرلیے۔
برطانوی اوپن 2026 میں 24 ممالک سے تقریباً 185 عالمی معیار کے شوٹرز نے شرکت کی۔ پاکستان نے ایونٹ میں دنیا کے کم ترین دستوں میں سے ایک کے ساتھ شرکت کی، تاہم محدود تعداد کے باوجود پاکستانی شوٹرز نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے احسن گل نے 1000 گز انڈر 25 اور ایگریگیٹ 1000 گز انڈر 25 مقابلوں میں گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
حذیفہ گل نے برطانوی اوپن کے مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 گولڈ، 2 سلور اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
محمد ولید نے 1000 گز کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا، جبکہ ایف ٹی آر ایگریگیٹ مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ پاکستانی شوٹرز نے 800 اور 900 گز کے مختلف مقابلوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن کے مطابق برطانوی اوپن 2026 عالمی چیمپئن شپ کے لیے پاکستان ٹیم کی تیاری کا اہم مرحلہ تھا، جبکہ قومی رائفل ٹیم کی شاندار کارکردگی نے عالمی چیمپئن شپ سے قبل کھلاڑیوں کا مورال بھی بلند کردیا ہے۔
7ویں ایف کلاس ورلڈ چیمپئن شپ 10 سے 16 اگست تک برطانیہ میں جاری رہے گی۔ برطانوی اوپن میں کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم عالمی چیمپئن شپ میں قومی پرچم سربلند رکھنے کے لیے پُراعتماد ہے۔

