پاکستان کا غزہ امن منصوبے پر پیشرفت کا خیرمقدم، مکمل عملدرآمد پر زور

پاکستان نے غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کی جانب ہونے والی مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان غزہ امن منصوبے پر پیشرفت کو خوش آئند سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان کو توقع ہے کہ حالیہ پیش رفت غزہ امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عمل درآمد کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ یہ سفارتی کوششیں فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے ناقابلِ تنسیخ حق کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی۔

پاکستان نے زور دیا کہ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی قانون، عالمی برادری کی قانونی حیثیت اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک قابلِ اعتماد اور مقررہ مدت پر مبنی سیاسی عمل کو آگے بڑھایا جانا چاہئے۔

پاکستان نے اپنے دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سیاسی عمل کا اختتام 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار، جغرافیائی طور پر متصل اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام پر ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P