آئی سی سی کی تازہ ویمنز ون ڈے رینکنگ میں پاکستان اور سری لنکا کی خواتین کرکٹرز نے شاندار کارکردگی کے باعث نمایاں ترقی حاصل کر لی۔
پاکستان کی تجربہ کار بیٹر سدرہ امین سیریز کی پہلی دو اننگز میں 57 اور ناقابلِ شکست 100 رنز کی بدولت نویں نمبر پر پہنچ گئیں اور بھارتی کپتان ہرمن پریت کور کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ ٹین میں جگہ بنا لی۔
قومی ویمن کرکٹر گل فیروزہ نے 18 درجے ترقی کرتے ہوئے 54ویں پوزیشن حاصل کر لی جب کہ سری لنکا کی وشمی گنارتنے 16 درجے بہتری کے بعد کیریئر کی بہترین 39ویں پوزیشن پر پہنچ گئیں۔
سری لنکا کی ہریتھا سماراوکرما بھی تین درجے ترقی کے بعد مشترکہ طور پر کیریئر کی بہترین 17ویں پوزیشن پر آ گئی ہیں۔
دوسری جانب باؤلنگ رینکنگ میں سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو 32ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں جب کہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں وہ آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
مزید برآں پاکستان کی اُمِ ہانی اور سیدہ عروب نے بھی شاندار پیش رفت کرتے ہوئے ویمنز ون ڈے باؤلنگ رینکنگ میں 11،11 درجے ترقی حاصل کی اور بالترتیب 53ویں اور 63ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
