کوہلو میں موسلادھار بارش سے سیلابی صورتحال

کوہلو ( نمائندہ مشرق ) ضلع کوہلو میں گزشتہ چھ گھنٹوں سے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی مسلسل موسلادھار بارش کے باعث مختلف برساتی نالے بپھر کر سیلابی صورتحال اختیار کر گئے، جبکہ نیصوبہ ڈیم اوور فلو ہونے سے آنے والا شدید سیلابی ریلہ قریبی رہائشی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق بلاول ٹاو¿ن، کلی جمعہ خان اور دیگر نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث شہر کے متعدد علاقوں، جن میں ماڈل ٹاو¿ن، محبت آباد، مدینہ کالونی، نیو کلی، پیپلز کالونی اور دیگر علاقے شامل ہیں، میں برساتی نالوں کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ ان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، میونسپل کمیٹی، ریسکیو ٹیمیں اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ عملہ اور بھاری مشینری متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی، راستوں کی بحالی اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، برساتی نالوں اور سیلابی ریلوں کے قریب جانے سے احتیاط کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More

https://www.googletagmanager.com/gtag/js?id=G-HFZSG9BN9P