کوئٹہ: بلوچستان میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور عزاداروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پہلی مرتبہ جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کو سیکیورٹی پلان کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف حساس اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے ادارے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کی مدد سے سیکیورٹی فرائض انجام دے رہے ہیں، جسے صوبے کی سیکیورٹی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی اجتماعات کی نگرانی کے لیے جدید روبوٹک سسٹمز، ہائی ریزولوشن کیمرے، جدید مواصلاتی آلات اور خصوصی نگرانی کے نظام متعارف کرائے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری نشاندہی کرنا اور کسی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک یقینی بنانا ہے۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کی خصوصی گاڑیوں کو جدید اسلحے اور ہائی ریزولوشن نگرانی کیمروں سے لیس کیا گیا ہے۔ یہ گاڑیاں جلوسوں کے راستوں، حساس مقامات، داخلی و خارجی راستوں اور ہجوم والے علاقوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ جدید کیمروں کی مدد سے دور دراز علاقوں اور مشکوک نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جا سکتی ہے۔حکام کے مطابق روبوٹک ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیکیورٹی اداروں کو خطرناک یا حساس مقامات کا جائزہ لینے، مشتبہ اشیا کی جانچ پڑتال اور بعض مخصوص حالات میں انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالے بغیر کارروائی کرنے میں مدد ملے گی۔ اس جدید نظام کے ذریعے نگرانی کے عمل کو مزید مثر اور تیز بنایا گیا ہے۔ محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان کے تحت کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں پولیس، ایف سی، لیویز، اسپیشل برانچ، انسداد دہشت گردی فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو روایتی حفاظتی اقدامات کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ مرکزی جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر نگرانی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جدید کیمروں کے ذریعے کنٹرول رومز میں لمحہ بہ لمحہ صورتحال مانیٹر کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق تمام حساس مقامات کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوری ردعمل کے لیے خصوصی ٹیمیں الرٹ رکھی گئی ہیں۔ بلوچستان میں پہلی بار روبوٹک ٹیکنالوجی کا استعمال سیکیورٹی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ جدید نگرانی کے نظام سے نہ صرف سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا بلکہ بڑے عوامی اجتماعات کے دوران خطرات کی بروقت نشاندہی اور مثر ردعمل بھی ممکن ہو سکے گا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت جدید ٹیکنالوجی، تربیت یافتہ اہلکاروں اور مربوط سیکیورٹی حکمت عملی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ صوبے بھر میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوں۔
You might also like
