نصیرآباد (آئی این پی) سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویژن مدثر ظفر کھوسہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کاشتکاروں کو ان کے جائز حصے کا پانی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی اور صوبائی سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمان بلوچ کی ہدایت پر گڈو بیراج حکام سے رابطہ کرکے بلوچستان کے حصے کا اضافی 500 کیوسک پانی حاصل کیا گیا ہے۔انہوں نے آر ڈی 109 پر پٹ فیڈر کینال میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ اضافی پانی ملنے کے بعد کینال میں 5 ہزار کیوسک پانی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ آبپاشی بلوچستان کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔مدثر ظفر کھوسہ نے مزید کہا کہ نصیرآباد ڈویژن میں پینے اور زرعی مقاصد کے لیے پانی کی اشد ضرورت ہے، اس لیے پانی کی ترسیل کے نظام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ بلوچستان کے کمانڈ ایریاز کو بھرپور انداز میں سیراب کرکے کاشتکاروں کو معاشی استحکام فراہم کیا جا سکے۔
You might also like
