پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام مشکل میں ہیں، عوام کو ریلیف دینا ہے، وزیراعظم نے صوبوں سے درخواست کی کہ مہنگائی کے خاتمے میں وفاق کی مدد کریں۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیٹرول سے متعلق موٹر سائیکل سواروں کو ریلیف دیا جا رہا ہے، وفاق سے مل کر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔ آئندہ بجٹ میں عوام کیلئے مشکلات ہوں گی۔ مشکل وقت میں ہم سب پاکستانی ایک ہوجاتے ہیں۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ میں نے بین الاقوامی میڈیا پر بھارت کے بیانیہ کو شکست دی۔ پاک بھارت جنگ کے بعد وزیراعظم نے امن کمیٹی کی سربراہی مجھے دی، امریکا ایران جنگ اور مذاکرات سے متعلق مجھے کوئی پیشکش نہیں کی گئی، وہ وقت دور نہیں جب مذاکرات کامیاب ہوں گے۔
انھوں نے کہا 26ویں اور27ویں آئینی ترمیم میں صوبوں کیلئے حقوق لیے، سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں تمام صوبوں کی نمائندگی پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہوئی۔ ابھی تک 28ویں ترمیم سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، کل کا علم نہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ معاشی مشکلات میں اضافہ نظر آرہا ہے کمی نہیں۔ آنے والے بجٹ میں عوام کیلئے مشکلات ہوں گی، حکومت کو معاشی مشکلات کو دیکھ کر ریلیف کا فیصلہ کرنا ہوگا۔