ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے مذاکرات کیلئے پاکستانی ثالثوں کے ذریعے اپنی تجاویز بھیج دیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے تجویزجمعرات کو بھیجی گئیں، ایران نے امریکا سے مذاکرات کیلئے نئی تجاویز پاکستان کے حوالے کیں۔
الجزیرہ کے مطابق ایرانی سفارتی ذرائع نے پاکستانی ثالثوں کو نئی تجاویز پیش کرنے کی تصدیق کر دی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں پاکستان مرکزی ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں کئی دیگر ممالک بھی تعاون کے لیے آمادہ ہیں لیکن باضابطہ طور پر ثالثی کی ذمہ داری پاکستان کے پاس ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق اگر مذاکرات کے انعقاد کا حتمی فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس بارے میں باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا جائے گا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق اگر مذاکرات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایرانی جہاز پر قبضے کو "سمندری قزاقی” سمجھتے ہیں، معاملہ پاکستانی ثالث کے ذریعے اٹھا رہے ہیں تاکہ زیر حراست ایرانی شہریوں کی رہائی ممکن بنائی جاسکے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور روس کے درمیان سٹریٹجک پارٹنر شپ معاہدے کے تحت سیاسی، سیکیورٹی اور معاشی شعبوں میں وسیع تعاون ہے۔
اسماعیل بقائی نے امریکی محکمہ خارجہ کا بیان شیئر کرتے ہوئے امریکی حملے کو دفاعی اقدام قرار دینے کا دعویٰ مسترد کردیا اور کہا کہ امریکی حملہ اپنا دفاع نہیں بلکہ ایران کے خلاف کھلی جارحیت تھی۔