پاکستان نے ایران امریکہ جنگ بندی کے قیام میں موثر اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے ، وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امریکہ اور ایران کے مابین سیز فائر کے قیام پر قومی قیادت، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے قیام میں موثر اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مدبرانہ قومی قیادت نے نہ صرف بروقت اور دانشمندانہ فیصلے کیے بلکہ ملک کی سفارتی ساکھ کو بھی عالمی سطح پر مزید مستحکم کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ حکمت عملی اور بروقت اقدامات نے پورے خطے کو ایک ممکنہ بڑی تباہی سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی متوازن اور فعال سفارت کاری نے عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ امن، استحکام اور مکالمہ ہی ہماری اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس متوازن سفارتی حکمت عملی کے نتیجے میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی خطے میں مستقل قیام امن کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کوششوں کے نتیجے میں نہ صرف مکمل جنگ بندی ممکن ہوگی بلکہ پائیدار امن کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے موثر بیانیے، دانشمندانہ فیصلوں اور عالمی اعتماد کا مظہر ہے، جسے تاریخ میں ایک نمایاں مقام حاصل رہے گا انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششیں ایک قابل تقلید مثال بن چکی ہیں اور ملک نے عالمی سطح پر قیام امن کے لیے ایک ذمہ دار اور فعال کردار ادا کرتے ہوئے دنیا کو ایک بڑے تصادم سے بچانے میں اپنا حصہ ڈالا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کاوشیں مستقبل میں بھی تنازعات کے پرامن حل کی راہ ہموار کرتی رہیں گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں معاون ثابت ہوں گی۔
٭٭٭٭٭