کوئٹہ/اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر اعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی کنوینئر شاہد خاقان عباسی سے بلوچستان کے نومنتخب اراکین مرکزی کونسل نے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ اور صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق کی قیادت میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور، تنظیمی معاملات اور دیگر اہم ایشوز پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ملک کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز، جمہوری عمل کے استحکام اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ رہنما¶ں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ ملک کو درپیش مشکلات سے نکالا جاسکے۔ اس موقع پر شاھد خاقان عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ایک ذمہ دار سیاسی قوت کے طور پر ملک میں مثبت، شفاف اور اصولی سیاست کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی کا دارومدار نچلی سطح تک تنظیم کو فعال بنانے اور کارکنوں کو بااختیار بنانے میں ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔ اس موقع پر سید امان شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں عوام پاکستان پارٹی کو ایک مضبوط اور متحرک سیاسی قوت بنانے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال اور م¶ثر بنانے کیلئے اصلاحات کی جائیں گی اور نوجوانوں کو پارٹی میں زیادہ سے زیادہ نمائندگی دی جائے گی تاکہ ایک مضبوط اور متحرک قیادت سامنے آ سکے۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں پارٹی کی تنظیم سازی کو تیز کیا جائے گا، کارکنوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنایا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ رہنما¶ں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام پاکستان پارٹی ملک میں جمہوریت کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
You might also like