وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان خطے کی صورتحال پر اہم – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد کے درمیان خطے کی صورتحال پر اہم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کر کے عید الفطر کی مبارکباد پیش کی اور خطے میں جاری کشیدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

 

گفتگو میں دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے حوالے سے بھی اہم امور زیر بحث آئے۔

 

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی سے کھڑا ہے۔

 

شہباز شریف نے سعودی قیادت کے صبر اور تحمل کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو اس وقت اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے خطے میں جاری تناؤ میں کمی لانے اور فوری جنگ بندی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانے پر بھی بھرپور زور دیا۔

 

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ صورت حال جلد از جلد قابو میں آئے۔

 

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی مختلف عالمی و علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے اور قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ باہمی مفادات کا تحفظ ہو سکے۔

 

سعودی ولی عہد نے بھی وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے رابطے کا خیرمقدم کیا اور عید کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

واضح رہے کہ دونوں ممالک کی قیادت کا یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی حساس مرحلے سے گزر رہی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.