ایران نے آبنائے ہرمز سے ’غیردشمن‘ جہازوں کے گزرنے کی مشروط اجازت دے دی – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

ایران نے آبنائے ہرمز سے ’غیردشمن‘ جہازوں کے گزرنے کی مشروط اجازت دے دی

تہران: ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ عالمی تجارت کے اہم ترین راستے آبنائے ہرمز سے ایسے جہازوں کو محفوظ گزرنے کی اجازت دے گا جو کسی بھی قسم کی دشمنی یا جارحانہ کارروائیوں میں ملوث نہیں ہوں گے۔

 

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اس فیصلے کا مقصد عالمی توانائی کی فراہمی کو بحال کرنا ہے۔

 

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اپنے ایک باضابطہ بیان میں کہا ہے کہ تمام غیر معاندانہ جہاز ایران کی جانب سے طے کردہ سکیورٹی ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اس آبی گزرگاہ کو استعمال کر سکتے ہیں۔ جہازوں کو ایرانی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنا لازمی ہوگا۔

 

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا اہم مرکز ہے جہاں سے دنیا بھر کی تیل اور مائع قدرتی گیس کی تقریباً 20 فیصد سپلائی گزرتی ہے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث اس اہم راستے پر جہاز رانی کا عمل شدید متاثر ہوا ہے۔

 

ماضی میں اس راستے سے روزانہ اوسطاً 120 تجارتی جہاز گزرتے تھے تاہم حالیہ بحران کے بعد یہ تعداد گھٹ کر چند جہازوں تک محدود ہو چکی ہے۔ پیر کے روز بھی صرف 5 جہازوں کی نقل و حرکت ریکارڈ کی گئی جس سے عالمی تجارتی منڈیوں پر گہرا اثر پڑا۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ اہم گزرگاہ طویل عرصے تک غیر فعال رہتی تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 150 سے 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی تھیں۔ اس صورتحال نے عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ کے لیے شدید خطرات پیدا کر دیے تھے۔

 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہو رہے ہیں۔ اگرچہ تہران نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے تاہم تازہ پیش رفت کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بہتری دیکھی گئی ہے۔

 

اس اعلان کے بعد برنٹ کروڈ آئل کی قیمتوں میں وقتی طور پر کمی آئی ہے اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا ہے۔ عالمی برادری اب ایران کے ان سکیورٹی ضوابط کی تفصیلات کا انتظار کر رہی ہے تاکہ تجارتی سرگرمیاں دوبارہ معمول پر آ سکیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.