کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا – Daily Mashriq Newspaper Quetta
Mashriq Newspaper

کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اسلام آباد: پاکستان کے بیرونی مالیاتی اشاریوں میں خوش آئند بہتری کا عمل جاری ہے۔ حکومتی معاشی پالیسیوں اور ایس آئی ایف سی کے اقدامات کی بدولت کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

 

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا کہ فروری 2026 میں پاکستان نے 427 ملین ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ریکارڈ کیا ہے۔ یہ مارچ 2025 کے بعد سے اب تک کی بلند ترین ماہانہ سطح قرار دی گئی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل دوسرا ماہانہ سرپلس ہے جبکہ جنوری میں 60 ملین ڈالر سرپلس رہا تھا۔ مسلسل سرپلس کا یہ رجحان مضبوط ترسیلات زر، برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں سخت نظم و ضبط کا نتیجہ ہے۔

 

مشیر وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ان مثبت رجحانات کی بدولت ملک کا بیرونی مالیاتی شعبہ مستحکم ہو رہا ہے اور دباؤ میں واضح کمی آئی ہے۔ یہ پیش رفت ملکی معاشی خود مختاری کے لیے انتہائی اہم سمجھی جاتی ہے۔

 

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت جیسے خطے کے دشمنوں کی ریشہ دوانیوں کے باوجود پاکستان کی معیشت پائیداری کی جانب گامزن ہے۔ ملکی معیشت کا استحکام سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

 

خرم شہزاد نے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر معیشت کا اہم سہارا ہیں۔ یہ رقوم تجارتی اکاؤنٹس کو مضبوط بنا رہی ہیں، جس سے بیرونی قرضوں پر انحصار کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کا آسان پلیٹ فارم فراہم کر کے قومی معیشت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.